جنگ بڑھی تو خطہ امریکا اور اسرائیل کیلیے دوزخ بن جائے گا، ایران

زیر کرنے کا خواب اب مخالفین کے لیے ایک خطرناک دلدل بنتا جا رہا ہے، ترجمان ابراہیم ذوالفقاری


ویب ڈیسک April 04, 2026

تہران:

ایران نے دوٹوک انداز میں امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ کا دائرہ مزید پھیلا تو پورا خطہ ان کے لیے جہنم بن سکتا ہے۔

ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب صرف محدود نہیں ہوگا بلکہ پورے خطے میں سخت اور وسیع ردعمل سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو زیر کرنے کا خواب اب مخالفین کے لیے ایک خطرناک دلدل بنتا جا رہا ہے جہاں وہ خود پھنس سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایران کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے کہ وہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھول دے بصورت دیگر سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، اور اس کی بندش نے عالمی منڈیوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر پڑ سکتے ہیں۔