کراچی؛ تعلیمی اداروں میں رات گئے چوریاں کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان گلشن اقبال سے گرفتار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے کمپیوٹر سمیت بھاری تعداد میں مسروقہ سامان برآمد ، ترجمان ایس ایس پی ایسٹ 


اسٹاف رپورٹر April 11, 2026

کراچی:

 رات کی تاریکی میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والے خطرناک گینگ کے دو اہم کارندوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کے مطابق تھانہ گلشنِ اقبال پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت جان شیر ولد رحیم زیب اور مصدق عرف موسیٰ ولد حامد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان رات کے اوقات میں اسکولوں کی باقاعدہ ریکی کرتے تھے اور بعد ازاں سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر تعلیمی اداروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔ گینگ کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار گینگ 2023 سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھا اور متعدد اسکولوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش گلشنِ اقبال سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے، جبکہ ملزمان  نے گلشنِ اقبال کے بلاک 6 اور بلاک 3 میں واقع اسکولوں میں بھی چوری کی وارداتیں کیں۔

پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر 20 سی پی یو، 22 کمپیوٹر ایل سی ڈی، ایک ایل ای ڈی ٹی وی، 3 ایئر کنڈیشنرز، ایک این وی آر اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی برآمد کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق ان وارداتوں کے چار مختلف مقدمات اسکول انتظامیہ کی مدعیت میں تھانہ گلشنِ اقبال میں درج ہیں، جبکہ ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے۔ گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔