شادی کا وعدہ کر کے چھری کے زور پر خاتون سے جنسی زیادتی، ملزم کو 10 سال قید کی سزا

خاتون کا بیان قابلِ بھروسہ ہے،ڈی این اے، میڈیکل رپورٹ،گواہان کےبیانات کی روشنی میں پراسیکیوشن کیس ثابت کرنے میں کامیاب


ویب ڈیسک April 15, 2026

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم اسامہ وڈیریہ کو 10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ ملزم کو ویڈیو لنک کے ذریعے سزا سنائی گئی۔

متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزم اس کا دوست تھا اور شادی کا وعدہ کر کے اسے ڈی ایچ اے کے ایک گیسٹ ہاؤس میں بلایا، جہاں اسے مبینہ طور پر چھری کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

وکیلِ ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ مدعیہ نے مختلف بیانات دیے ہیں اور وہ حق مہر میں 50 لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ بھی کر رہی تھی، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ متاثرہ کا بیان قابلِ بھروسہ ہے اور ڈی این اے، میڈیکل رپورٹ اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔

ملزم کے خلاف مقدمہ نومبر 2024 میں درخشاں تھانے میں درج کیا گیا تھا۔