ایران سے ڈیل کا عمل اچھی طرح جاری ہے، مذاکرات ویک اینڈ کے دوران بھی جاری رہیں گے: ٹرمپ

امریکا ایرانی نیوکلیئر ڈسٹ حاصل کرے گا، ٹرمپ


ویب ڈیسک April 17, 2026

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل کا عمل اچھی طرح سے جاری ہے اور  مذاکرات ویک اینڈ کے دوران بھی جاری رہیں گے۔

ایریزونا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے اعلان کیا کہ ایران سے ایٹمی مواد واپس لایا جائے گا اور امریکا ایرانی نیوکلیئر ڈسٹ حاصل کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مجوزہ معاہدے کے تحت کسی قسم کا مالی تبادلہ بھی نہیں ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست شخصیات قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں پاکستانی رہنماؤں نے اہم کردار ادا کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

امریکی صدر نے مشرق وسطیٰ کے  دیگر ممالک سعودی عرب، قطر کویت، یو اے ای اور بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے بھرپور تعاون کیا اور غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ نیٹو کی جانب سے انہیں کال موصول ہوئی جس میں مدد کی درخواست کی گئی، تاہم انہوں نے کہا کہ اب امریکا کو نیٹو کی مدد کی ضرورت نہیں بلکہ نیٹو کو امریکا کی ضرورت ہے۔