روس، بھارت فوجی معاہدہ؛ 3 ہزار اہلکاروں مع جنگی جہازوں کی تعیناتی کا امکان

اگر فریقین میں سے کوئی معاہدے کو ختم کرنا چاہتا ہے تو اسے معاہدے کی میعاد سے چھ ماہ قبل فریق ملک کو مطلع کرنا ہوگٓا


ویب ڈیسک April 18, 2026

روس اور بھارت کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے موجودہ معاہدے کے تحت روس اور بھارت 3000 فوجی، 10 فوجی طیارے اور 5 جنگی جہاز ایک دوسرے کی سرزمین پر بھیج سکتے ہیں۔

روس کے سرکاری قانونی معلومات کے پورٹل پر شائع ہونے والی دستاویز کے مطابق پانچ سے زیادہ جنگی جہاز، 10 فوجی طیارے اور 3000 فوجی اہلکار بیک وقت ایک دوسرے کی سرزمین پر موجود ہو سکتے ہیں۔

معاہدے کے تحت فوجی دستے مشترکہ مشقوں اور تربیت کے لیے بھیجے جا سکتے ہیں، انسانی امداد فراہم کرسکتے ہیں، قدرتی اور انسان ساختہ آفات کا رسپانس دے سکتے ہیں اور  دیگر معاملات میں تعاون کرسکتے ہیں۔

مزید برآں فوجی طیاروں کی پروازوں کو فضائی حدود کے مجوزہ استعمال اور سمندری جہازوں کو بندرگاہ میں داخل ہونے سے 14 دن پہلے فریق ملک کو سفارتی چینلز کے ذریعے درخواست جمع کرانا ہوگی جبکہ بندرگاہ سے نکلنے والے جہازوں کو 24 گھنٹے پہلے مطلع کرنا ضروری ہے۔

اس معاہدے کی دسمبر 2025 میں اسٹیٹ ڈوما اور فیڈریشن کونسل نے توثیق کی  اور 15 دسمبر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ 12 جنوری 2026 کو نافذ ہوا۔

یہ معاہدہ پانچ سال کے لیے ہے جس کی تجدید ہر پانچ سال کے بعد ہوگی تاہم اگر فریقین میں سے کوئی اس معاہدے کو ختم کرنا چاہتا ہے تو اسے معاہدے کی میعاد ختم ہونے سے کم از کم چھ ماہ قبل فریق ملک کو مطلع کرنا ہوگٓا۔