ایران نے امریکا کی جانب سے تجارتی جہاز پر قبضے کی تصدیق کر دی، جلد جواب دینے کا اعلان

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے


ویب ڈیسک April 19, 2026

ایران نے بحیرۂ عمان میں امریکی فوج کی جانب سے ایرانی تجارتی جہاز پر کارروائی اور قبضے میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کا جلد جواب دیا جائے گا۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر “حضرت خاتم الانبیاء” کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سمندری قزاقی کا ارتکاب کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکی فورسز نے بحیرۂ عمان کے پانیوں میں ایرانی تجارتی جہاز پر فائرنگ کی اور اس کے نیویگیشن سسٹم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ متعدد اہلکار جہاز پر سوار ہو گئے اور جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا۔

ایرانی حکام نے اس کارروائی کو جارحیت  قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اس اقدام کا جلد اور مؤثر جواب دیں گی۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا نے امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔