امریکی سینٹکام نے قبضے میں لیے جانیوالے ایرانی جہاز پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی

ایران نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز نے بحیرۂ عمان میں ایرانی تجارتی جہاز پر فائرنگ کی


ویب ڈیسک April 19, 2026

امریکی سینٹکام  نے  قبضے میں لیے جانے والے ایران کے تجارتی جہاز پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

سینٹکام کے مطابق امریکی میرینز  نے جہاز  پر قبضہ کر لیا اور یہ ایرانی تجارتی جہاز اب امریکا کی تحویل میں ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا نے امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔

اس کے بعد ایران نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز نے بحیرۂ عمان کے پانیوں میں ایرانی تجارتی جہاز پر فائرنگ کی اور اس کے نیویگیشن سسٹم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ متعدد اہلکار جہاز پر سوار تھے اور جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا۔

ایرانی حکام نے اس کارروائی کو جارحیت  قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اس اقدام کا جلد اور مؤثر جواب دیں گی۔