ایران کو دھمکیوں سے نہیں جھکایا جا سکتا، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم

ایران کو جنگی جرائم کی دھمکیاں دینا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، بیان


ویب ڈیسک April 20, 2026

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے غیر منطقی مطالبات ماننے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ناکہ بندی جاری رکھنا اور ایران کو جنگی جرائم کی دھمکیاں دینا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف بیانات دے کر یہ دعویٰ کرنا کہ سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے، حقیقت کے برعکس ہے۔

رضا امیری مقدم کے مطابق جب تک ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی جاری رہے گی، اس وقت تک اختلافات بھی برقرار رہیں گے اور مسائل کا حل ممکن نہیں ہو سکے گا۔

دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایک ایرانی بحری جہاز کو تحویل میں لینے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ سینٹکام کے مطابق یہ جہاز امریکی کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج نے اس ایرانی جہاز کو اس وقت روکا جب وہ آبنائے ہرمز میں عائد ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ پیش رفت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ایک جانب سفارتی بیانات سامنے آ رہے ہیں تو دوسری جانب عملی اقدامات تنازع کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔