بنوں میں پولیس چوکی مزنگہ پر رات گئے مبینہ دہشتگردوں کے حملے کو اہلکاروں کی بروقت اور منظم جوابی کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے چوکی پر تین اطراف سے بیک وقت فائرنگ کی کوشش کی، تاہم چوکی پر موجود مستعد اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، تاہم پولیس کی مضبوط حکمت عملی اور جدید فورٹیفیکیشن کی بدولت تمام اہلکار محفوظ رہے۔ حملہ آور تعداد میں زیادہ ہونے کے باوجود موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
اس واقعے پر ذوالفقار حمید اور ریجنل و ضلعی پولیس افسران نے اہلکاروں کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ اسی طرح یاسر خان آفریدی نے کہا کہ بنوں پولیس کی دلیری اور پیشہ ورانہ کارکردگی قابل تحسین ہے اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں جدید اسلحے اور بہتر تربیت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایسے ناکام حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ فورس علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور متحرک ہے۔