لاہور؛ قتل کی لرزہ خیز واردات، گھر سے 3بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد، والدین اور چچا زیر حراست

والدین گھر کو تالا لگا کر دوائی لینے کے لیے گئے تھے جبکہ بچے گھر میں اکیلے تھے، پولیس


سید مشرف شاہ April 23, 2026

لاہور:

اچھرہ کے علاقے میں شاہ جمال ماشاءاللہ پلازہ کے گھے سے تین بچوں کی گلا کٹنی لاش برآمد ہوئیں، پولیس نے متضاد بیان پر والدین اور چچا کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق 15 پر اطلاع ملی کہ دو بچیوں اور بچے کی لاشیں ملی ہیں، بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

اچھرہ پولیس کے مطابق بچوں کے والد رمضان اور والدہ ردا کو متضاد بیانات پر حراست میں لیا گیا، دونوں سے تفتیش جاری ہے۔ رمضان اور ردا کی نو سال قبل شادی ہوئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق شاہ جمال ماشاءاللہ پلازہ سے تین بچوں کے گلا کاٹنے کی کال موصول ہوئی جس پر اہلکار و ایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثے پر پہنچیں۔ کالر کے مطابق پلازہ میں تین بچوں کی لاشیں پڑی ہیں، تینوں بچوں کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے تفتیش کے لیے چچا کے علاوہ بچوں کے والد رمضان اور والدہ کو بھی حراست میں لے لیا۔

بچوں کے والد رمضان نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر کو تالا لگا کر باہر گیا، جب واپس آیا تو بچوں کی لاشیں موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق بچوں کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، والدین گھر کو تالا لگا کر دوائی لینے کے لیے گئے تھے جبکہ بچے گھر میں اکیلے تھے۔

ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، مقتولین کی لاشوں کو ڈیڈ ہاؤس منتقل کیا جا رہا ہے، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، معصوم بچوں کو قتل کرنے والے تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی تھی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینیئر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل، جلد گرفتار کر لیں گے۔