ٹرمپ کی برطانیہ کو دھمکی، ٹیکس ختم نہ کیا تو بھاری ٹیرف لگے گا

ماہرین کے مطابق یہ بیان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے


ویب ڈیسک April 24, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو امریکا بھاری ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے برطانوی حکومت کی جانب سے امریکی ٹیک کمپنیوں پر لگائے گئے ڈیجیٹل ٹیکس کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امریکی کاروباری مفادات کے خلاف ہے۔

انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کو بالواسطہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ٹیکس پالیسی برقرار رہی تو امریکا جوابی کارروائی کے طور پر برطانوی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر ٹیرف نافذ کر سکتا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی کمپنیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کرے گا اور اس معاملے پر سخت موقف اپنایا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ بیان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک پہلے ہی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر اختلافات رکھتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان یہ تنازع بڑھتا ہے تو اس کے اثرات عالمی تجارت، ٹیکنالوجی سیکٹر اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی پڑ سکتے ہیں۔