دیر لوئر: کینیڈا سے تعلق رکھنے والی لڑکی پاکستانی شہری کی محبت میں مبتلا ہوکر شادی کیلئے پاکستان پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون سارہ مشیل لینا اپنے سوشل میڈیا دوست کے پیچھے خیبرپختونخوا کے علاقے تیمرگرہ، دیر لوئر پہنچ گئیں جہاں دونوں نے اپنی مرضی سے شادی کر لی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی جو وقت کے ساتھ گہرے تعلق میں تبدیل ہو گئی۔ بعد ازاں غیر ملکی خاتون پاکستان آئیں اور دونوں نے باہمی رضامندی سے نکاح کر لیا۔
دستاویزات کے مطابق سارہ مشیل لینا کینیڈین شہری ہیں جن کی تاریخ پیدائش 12 مئی 1989 ہے۔ انہوں نے 6 مارچ 2026 کو پاکستان کے لیے ویزا اپلائی کیا تھا، جس کے بعد 10 مارچ 2026 کو انہیں ٹورسٹ/وزٹ ویزا جاری کیا گیا۔
دستاویز میں درج ہے کہ انہیں 90 روزہ سنگل انٹری ویزا دیا گیا جو 10 مارچ 2026 سے 9 جون 2026 تک کارآمد ہے۔
اطلاعات کے مطابق غیر ملکی خاتون نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کر دیا ہے، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقہ مکین خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی غیر ملکی خواتین کے محبت میں مبتلا ہوکر پاکستان آنے اور مقامی مردوں سے شادی کے واقعات کئی بار پیش آچکے ہیں۔