لاہور کے علاقے اچھرہ میں اپنے 3 کمسن بچوں کو قتل کرنے والی ماں کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اچھرہ میں اپنے گھر کے اندر دو کمسن بیٹیوں اور بیٹے کو قتل کرنے والی خاتون سے تحقیقات کے دوران اہم و سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی ملزمہ والدہ ردا کی جھنگ کے رہائشی شہر یار سے دوستی تھی اور دونوں ایک ہی علاقے کے رہائشی جبکہ ان کا روزانہ فون پر رابطہ ہوتا تھا جبکہ دونوں شادی بھی کرنا چاہتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ، شہریار نامی لڑکے سے موبائل ایپ کے ذریعے پیسے بھی منگواتی تھی جبکہ ردا شوہر سے طلاق لے کر دوسری شادی کرنا چاہتی تھی جس میں سب سے بڑی رکاوٹ بچے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران کال ڈیٹا ریکارڈ سے اہم شواہد بھی ملے ہیں جس کے بعد پولیس کی ٹیم شہریار کو گرفتار کرنے جھنگ پہنچ گئی ہے۔
پولیس نے تحقیقات اور تفتیش کے بعد ملزمہ کے خاوند رمضان کو رہا کر دیا جبکہ اب تک کی تفتیش میں صرف ماں ہی بچوں کے قتل کی ذمہ دار قرارپائی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق آئندہ تفتیش میں اگر کسی اور کا کردار سامنے آئے گا تو اسکو گرفتار کیا جائے گا۔