اسلام آباد مذاکرات؛ ایرانی وفد کی آمد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، متبادل روٹ پلان جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے


نعیم اصغر April 24, 2026
فائل/فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے لیے ایرانی وزیرخارجہ کی سربراہی میں وفد کی آمد کی خبروں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران اور امریکا مذاکرات کے دوسرے ممکنہ دور کے لیے ایرانی وفد کی آمد کی خبروں کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخلہ بدستور بند ہے اور پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔

دوا ساز کمپنیوں کی گاڑیوں کو داخلے کی ہدایت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں دواساز کمپنیوں کی گاڑیوں کا داخلہ بند ہونے سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر کے دوا ساز کمپنیوں کی گاڑیوں کو اسلام آباد داخلے کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ادویات کی سپلائی کے لیے گاڑیوں کا دارالحکومت میں داخلہ یقینی بنایا جائے، ادویات کی سپلائی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے۔ 

ٹریفک ایڈوائزری جاری

اسلام آباد اور پنڈی میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے باعث کئی سڑکوں کو بند رکھا گیا ہے جس کے باعث عوام کیلیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔

ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ریڈزون اور توسیعی ریڈزون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا، کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

اسی طرح سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جاسکتی ہے جبکہ اسلام آباد میں کسی بھی جانب یا کسی بھی شاہراہ سے  آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔

ایڈوائزری میں ہیوی ٹریفک مالکان سے گزارش کی گئی ہے ہے کہ ان دنوں میں دقت سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف ہرگز سفر نہ کریں جبکہ اسلام آباد کے رہائشی مختلف سڑکیں بند ہونے کی صورت میں ذیل متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق جی5،  جی 6 اور جی 7 ، ایف 6، ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے 9th ایونیو استعمال کریں۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک 9th ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی۔

زیروپوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو استعمال کرتے ہوئے  اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ چاندنی چوک سے راول روڈ  استعمال کرتے ہوئے کورال جاسکتے ہیں۔

متبادل روٹ پلان کے تحت پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں  ٹریفک ترامڑی چوک کی طرف موڑ دی جائے گی، بارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ،بنی گالہ،لہتراڑ روڈ استعمال کریں گے۔

راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہری کرنل شیرخان روڈسے فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو  میں سے کوئی بھی شاہراہ استعمال کریں جبکہ جی ٹی روڈ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک  ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج ، چک بیلی روڈ سے روات جی ٹی روڈ استعمال کریں۔

اسی طرح جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک جی ٹی روڈ  روات سے چک بیلی روڈ سے چکری انٹر چینج استعمال کرتے ہوئے براستہ موٹروے ،ٹیکسلا کی جانب سفر کریں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا وٹس ایپ چینل فالو کریں یا  اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی FM 92.4 سنتے رہیں۔

قبل ازیں حکومت نے امریکا اور ایران کے مذاکرات کے پیش نظر ریڈ زون میں واقع سرکاری اور دیگر دفاتر بند رکھنے اور کام گھروں سے کرنے کی ہدایات جاری کردی تھیں اور اسی طرح ریڈزون میں ٹرانسپورٹ بھی محدود کردی تھی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد آج اسلام آباد پہنچے گا، جس کی تصدیق ایرانی سرکاری خبرایجنسی نے کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد کے بعد امریکی وفد کی بھی پاکستان روانگی کا امکان ہے۔