اکشے کمار کی بیٹی کے ساتھ آن لائن ہراسانی کا معاملہ، ملزم گرفتار

اکشے کی بیٹی کو آن لائن گیم کھیلتے ہوئے نامعلوم شخص نے نامناسب تصاویر بھیجنے کا کہا تھا


ویب ڈیسک April 27, 2026

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے آن لائن ہراسانی کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے اس کیس میں ملوث پہلے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال اکتوبر میں سامنے آیا تھا، جب اداکار نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی کو ایک آن لائن گیم کھیلتے ہوئے نامعلوم شخص نے نامناسب تصاویر بھیجنے کا کہا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے بچی نے فوراً گیم بند کی اور اپنی والدہ کو آگاہ کر دیا۔

اداکار نے اس موقع پر خبردار کیا تھا کہ اس طرح کے واقعات بچوں کو بلیک میلنگ اور دیگر سنگین جرائم کی طرف دھکیل سکتے ہیں، اسی لیے ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی حفاظت اور آگاہی نہایت ضروری ہے۔

واقعے کے بعد سائبر کرائم سیل نے تحقیقات کا آغاز کیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس نے دیگر بچوں کو بھی نشانہ بنایا تھا یا نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی جانب سے اس معاملے کو اجاگر کرنے کے بعد اسے تعلیمی اداروں میں سائبر سیکیورٹی آگاہی کے طور پر بھی پیش کیا جا رہا ہے، تاکہ بچوں کو آن لائن خطرات اور محفوظ استعمال کے بارے میں شعور دیا جا سکے۔