گورنر خیبرپختونخوا کا قبائلی عمائدین سے افغان ٹرانزٹ کے مسائل پر غور کرنے کا وعدہ

خیبرکے علاقے لنڈی کوتل میں جرگے کا انعقاد، گورنر فیصل کریم کنڈی کا خطاب، عمائدین نے روایتی پگڑی پہنائی


ویب ڈیسک April 27, 2026
فوٹو: فائل

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افغان ٹرانزٹ کی بحالی اور مسائل کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کروادی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں قبائلی جرگہ میں شرکت کی اور قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی کی۔

جرگے شرکا نے گورنر سے پاک افغان سرحد بندش سے روزگار متاثر ہونے کی شکایت کی اور کہا کہ ضم اضلاع کے قبائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، فنڈز کی عدم فراہمی پر قبائلی عمائدین کے شدید تحفظات ہیں۔

جرگے کے شرکا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورے میں رویے پر قبائل میں مایوسی پھیل گئی ہے، سیلابی پانی سے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے پر ہمیں تشویش ہے۔

جرگے کے شرکا کے تحفظات پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے افغان ٹرانزٹ مسائل کا جائزہ لینے کا وعدہ کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کوہاٹ میں نئے کیمپ کے قیام سے لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ پر دباؤ کم ہو گا، پاکستان نے افغان مہاجرین کی مثالی میزبانی کی۔

اس کے علاوہ گورنر کے پی نے قبائلی عمائدین کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ قبائلی عمائدین نے گورنر کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔