میونسپل ٹیکس میں اضافے کیخلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور کے ایم سی کو نوٹس جاری

درخواست سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے اپوشین لیڈر کی جانب سے دائر کی گئی


ویب ڈیسک April 28, 2026
(فوٹو: فائل)

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بجلی کے بل میں شامل میونسپل ٹیکس میں اضافے کیخلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور کے ایم سی کو نوٹس جاری کردیے۔

جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین کی جانب سے ٹیکس میں اضافے کیخلاف دائر درخواست پر عدالت نے کے ایم سی اور کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اپناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے گزشتہ برس ٹیکس کے نفاذ کی مشروط اجازت دی تھی، ٹیکس کے نفاذ یا اضافے کے لئے کونسل کی اجازت ضروری ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کونسل کی اجازت کے بغیر ٹیکس میں غیرقانونی اضافہ کیا۔

وکیل نے کہا کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے پر نئی درخواست دائر کی گئی ہے، عدالت نے اپوزیشن کی مشاورت سے ٹیکس کے نفاذ کا حکم دیا تھا۔ میئر کراچی نے مشاورت کئے بغیر بجلی کے بل کے ذریعے ایم یو سی ٹی کا نفاذ کیا۔ ٹیکس میں بغیر مشاورت اور کونسل کی منظوری 150 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹیکس میں اضافہ غیرقانونی قرار دیا جائے، درخواست میں مئیر کراچی، کے الیکٹرک و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔