معرکۂ حق کی کامیابی کا 1 سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر پریڈ کی خصوصی تقریب

پریڈ کی تقریب میں اراکین اسمبلی، کرکٹر، طالب علم، علمائے کرام، سول سوسائٹی نے شرکت کی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے


ویب ڈیسک April 28, 2026

معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پرواہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق واہگہ بارڈر پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں قومی ہیروز، سیاسی و مذہبی شخصیات، طلبا، اقلیتی برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

شرکا نے واہگہ بارڈر پر ہونے والی خصوصی پریڈ میں گہری دلچسپی لی اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران فضا پاک فوج زندہ باد، اللہ اکبر اور پاکستان کا مطلب کیا ’لا الہ اللہ‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، جبکہ شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور معرکۂ حق کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں دشمن کو جس انداز میں سبق سکھایا گیا، آئندہ بھی ہر جارحیت کا اسی قوت اور عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

شرکا نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے جبکہ اپریشن بنیان المرصوص میں افواجِ پاکستان کے مؤثر اور بھرپور جواب نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کردیا۔

ممبر قومی اسمبلی حافظ نعمان نے کہا کہ ’اللہ نے پاکستان کو عزتوں سے نوازا، جس کی بدولت ہم نے اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو معرکہ حق بنیان المرصوص میں شکست فاش دی‘۔

انہوں نے کہا کہ اس شکست سے ایک بات واضح ہوگئی کہ پاکستان جذبات، ٹیکنالوجی، علم اور ہر میدان میں بھارت سے بہت آگے ہے‘۔

حافظ نعمان نے کہا کہ بھارت نے اگر دوبارہ کبھی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کی طرف سے آئندہ بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

سابق قومی کرکٹر عبد الرزاق نے کہا کہ ’آج کی خصوصی تقریب کا حصہ بن کر بہت اچھا لگا اور بہت زیادہ حوصلہ ملا، آج بہت زیادہ انجوائے کیا اور پاکستان رینجرز کے تمام جوان بہت طاقتور اور ذہین ہیں‘۔