اسلام آباد؛ ایک ہی خاندان کے 4 افراد کا قتل، مرکزی ملزم گرفتار، مغوی بچی بازیاب

قتل کی واردات میں ملوث دو مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، ڈی آئی جی جواد طارق


ویب ڈیسک April 28, 2026
فوٹو: اسلام آباد پولیس فیس بک

اسلام آباد میں تھانہ نون کی حدود میں ایک ہی خاندان کےچار افراد کے قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا اور مغوی بچی کو بھی بازیاب کروایا۔

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور واردات کے دوران گھر سے اغوا ہونے والی بچی کو بھی بازیاب کروالیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تھانہ نون کے علاقے میں ایک خاندان کے 4 افراد کو قتل کیا گیا تھا اور قاتل نے جاتے ہوئے گھر سے 10 سالہ بچی کو بھی اغوا کر لیا تھا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ تھانہ نون کے علاقے میں گھر میں 4افراد کو قتل کرنے والوں کو گرفتار کرلیا ہے، قاتلوں کا مقتولین کے ساتھ خاندانی تنازع تھا، اس خاندان کی اغوا ہونے والی بچی کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی جواد طارق نے بتایا کہ قتل کرنے والے دو مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے دیگر کیس کے حوالے سے بتایا کہ 6 اپریل کو بھارہ کہو میں نجی کمپی کے کیشئیر سے 42 لاکھ روپے لوٹنے والوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، رمنا کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم کرنے والے گینگ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی جواد طارق نے بتایا کہ چار گینگز سے 54 لاکھ روپے گرفتار کرلیا گیا ہے۔