اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹرچینج کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کی، جہاں درخواست گزار رئیس منیر کی جانب سے وکیل وقار رانا پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انٹرچینج کی تعمیر کے لیے درکار فنڈز جاری کیوں نہیں کیے گئے اور یہ کیس دسمبر کے بعد سماعت کے لیے کیوں مقرر نہیں ہوا۔
سماعت کے دوران این ایچ اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارت مواصلات نے 400 ملین روپے کی منظوری دے کر وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا ہے اور جواب کا انتظار ہے، جبکہ وکیل وقار رانا نے مؤقف اپنایا کہ بھونگ انٹرچینج کے لیے فنڈز پی ایس ڈی پی کے تحت مختص ہونے چاہییں اور مجموعی ترقیاتی بجٹ میں اس منصوبے کے لیے مناسب رقم رکھی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ دوسری جانب کا تحریری جواب آئے بغیر کوئی ہدایت جاری نہیں کی جا سکتی، اور وزارت مواصلات کو فنڈز سے متعلق تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔