لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں کار سوار کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول ندیم ارشاد کے ساتھ گاڑی میں موجود اس کی خاتون دوست ہی اس کی قاتل نکلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ نے مقتول کے پستول سے فائر کر کے اسے قتل کیا اور آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول اور ملزمہ کے درمیان گزشتہ چار سال سے تعلقات تھے، دونوں نے نکاح بھی کیا تھا تاہم بعد ازاں گھریلو تنازعات شروع ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ پہلے سے شادی شدہ تھی اور اپنے سابقہ شوہر کی طرف واپس جانا چاہتی تھی، جبکہ مقتول کے اہل خانہ کی جانب سے بھی اس کی دوسری منگنی کے معاملات چل رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمہ نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔