کراچی: اورنگی ٹاؤن میں نویں جماعت کی طالبہ کی اسکول کی چھت سے گرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے وقت دیگر طلبہ بھی کلاسز میں موجود تھے


ویب ڈیسک April 29, 2026

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نویں جماعت کی طالبہ کے اسکول کی چھت سے گرنے کے افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں واقعے کی تفصیلات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

فوٹیج کے مطابق کنزا نامی طالبہ کو اسکول کی عمارت سے باہر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ گرنے سے قبل بچی کا اسکارف ایک ڈنڈے سے الجھ جاتا ہے جس کے بعد وہ توازن برقرار نہ رکھ سکی اور نیچے جا گری۔

واقعے کے فوراً بعد اسکول کا عملہ موقع پر پہنچ جاتا ہے اور زخمی طالبہ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے وقت دیگر طلبہ بھی کلاسز میں موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: نجی اسکول میں طالبہ کی ہلاکت کامقدمہ پرنسپل اور ٹیچر کے خلاف درج

یاد رہے کہ یہ واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا تھا، جبکہ شدید زخمی ہونے والی طالبہ کنزا گزشتہ روز دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔