ماسکو:
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے 9 مئی کے موقع پر یوکرین کے ساتھ عارضی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے جسے سفارتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پیشکش اس گفتگو کے دوران سامنے آئی جو ڈونلڈ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ہوئی۔
روسی صدر کے سفارتی مشیر نے بتایا کہ پیوٹن نے یومِ فتح کی تقریبات کے دوران لڑائی روکنے پر آمادگی ظاہر کی تاکہ اس دن کو پرسکون ماحول میں منایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو روس میں یوم فتح بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے جو دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف سوویت یونین کی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔
روسی صدارتی مشیر کے مطابق اس تجویز پر امریکی صدر نے بھی مثبت ردعمل دیا اور اس دن کو مشترکہ تاریخی کامیابی کا دن قرار دیا۔
تاہم اس ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے یوکرین کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔