نانا پاٹیکر 76 سال کی عمر میں بھی مکمل فٹ، ورزش کی ویڈیو نے مداحوں کو حیران کردیا

وائرل ویڈیو میں نانا پاٹیکر نہایت آسانی سے ٹرائی سیپ ڈِپس کرتے دکھائی دے رہے ہیں


ویب ڈیسک May 01, 2026

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے اپنی غیر معمولی فٹنس سے مداحوں کو حیران کردیا، اور ان کی جم میں ورزش کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

یہ ویڈیو معروف فوٹوگرافر اور پروڈیوسر اتل کاسبیکر نے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں 76 سالہ نانا پاٹیکر نہایت آسانی سے ٹرائی سیپ ڈِپس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں اداکار سفید بنیان، شارٹس اور گلے میں گمچھا ڈالے بارز پر مسلسل 15 ڈِپس مکمل کرتے نظر آئے۔ ورزش کے اختتام پر ان کی پُراعتماد مسکراہٹ نے مداحوں کو مزید متاثر کیا۔

اس مختصر مگر متاثرکن ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جہاں شوبز شخصیات اور مداحوں نے نانا پاٹیکر کی جسمانی طاقت، نظم و ضبط اور توانائی کو خوب سراہا۔ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی، اداکار راہول دیو، وینیت کمار اور ریپر بادشاہ سمیت کئی معروف شخصیات نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں ’لیجنڈ‘ اور ’انسپریشن‘ قرار دیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

مداحوں کا کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر نے اس عمر میں بھی اپنی صحت اور فٹنس سے یہ ثابت کردیا کہ مستقل مزاجی اور صحت مند طرز زندگی انسان کو ہر عمر میں متحرک رکھ سکتا ہے۔

نانا پاٹیکر کی یہ ویڈیو نہ صرف ان کے چاہنے والوں کے لیے حیرت کا باعث بنی بلکہ اس نے عمر رسیدہ افراد کے لیے بھی ایک مثبت پیغام دیا ہے کہ فٹنس اور توانائی برقرار رکھنا ممکن ہے۔