امریکی اینیمیٹڈ ٹی وی شو ’دی سمپسنز‘ ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر اپنی مبینہ پیش گوئی کے باعث زیرِ بحث ہے۔ اس بار دعویٰ کیا جارہا ہے کہ شو میں 17 نومبر کو دنیا بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے یعنی عالمی بلیک آؤٹ کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم اس دعوے کی حقیقت کچھ اور ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک کلپ تیزی سے گردش کررہا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کچھ افراد نے اس پیش گوئی پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ بعض نے اسے طاقتور عالمی اشرافیہ کی جانب سے کسی مبینہ منصوبے کا اعتراف قرار دے دیا۔
برطانوی اخبار ’دی انڈیپنڈنٹ‘ کے مطابق وائرل ویڈیو دراصل 2023 میں نشر ہونے والی ’دی سمپسنز‘ کی ایک قسط سے لی گئی ہے، جس کا نام ’اٹس اے بلنڈرفُل لائف‘ ہے۔ اس قسط میں اسپرنگ فیلڈ نامی قصبے کو مستقبل کے 60 برس بعد دکھایا گیا ہے، جہاں بڑی عمر کی لیزا سمپسن اپنی ڈائری میں بجلی کی بندش کا ذکر کرتی نظر آتی ہیں۔
کلپ میں 17 نومبر کی تاریخ درج ہونے کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے اسے موجودہ دن سے جوڑنا شروع کردیا اور یہ قیاس آرائیاں پھیل گئیں کہ شو کی ایک اور پیش گوئی درست ثابت ہونے والی ہے۔
تاہم وائرل ویڈیو یا ڈائری میں کہیں بھی 2026 کا سال درج نہیں ہے۔ مصنوعی ذہانت کے مختلف ٹولز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے اے آئی اسسٹنٹ گروک سے اس دعوے کی حقیقت معلوم کی گئی تو انہوں نے بھی اسے افواہ قرار دیا۔ ان کے مطابق حقیقی واقعات اور افسانوی مواد کو ملا کر یہ تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ شو نے کسی عالمی بلیک آؤٹ کی پیش گوئی کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس افواہ کو پھیلانے میں حالیہ دنوں میں مائیکروسافٹ کے نظام میں پیدا ہونے والی خرابی اور امریکی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے معمول کے ٹیسٹ کی خبروں نے بھی کردار ادا کیا۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان دونوں واقعات کو بجلی کی ممکنہ عالمی بندش سے جوڑ کر پیش کیا، حالانکہ ان کا اس مبینہ پیش گوئی سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ’دی سمپسنز‘ ماضی میں بھی اپنی پرانی اقساط کے باعث کئی مرتبہ ایسی بحثوں کا مرکز بن چکا ہے۔ مختلف واقعات کے بعد صارفین شو کے پرانے مناظر میں ان سے ملتی جلتی چیزیں تلاش کرکے انہیں پیش گوئی قرار دیتے رہے ہیں۔ تاہم اس بار 17 نومبر کو عالمی بلیک آؤٹ کی بات بھی محض ایک وائرل افواہ ہے، جس کی کوئی مستند بنیاد سامنے نہیں آئی۔