ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا

دونوں فنکاروں کی یہ پذیرائی لندن کے تاریخی ہاؤسز آف پارلیمنٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کی گئی


ویب ڈیسک November 17, 2026

پاکستانی اداکار جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو پاکستانی ڈراموں، فنون اور ثقافت کے فروغ میں خدمات انجام دینے پر برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزازات دیے گئے ہیں۔ دونوں فنکاروں کی یہ پذیرائی لندن کے تاریخی ہاؤسز آف پارلیمنٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کی گئی۔

یہ تقریب ویسٹ منسٹر میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی خصوصی دعوت پر آرٹس پروموٹر عطا حق نے کیا تھا۔ تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ایمن خان اور منیب بٹ کو پاکستان کی تفریحی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرنے اور بیرون ملک ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے پر سراہا گیا۔ اس موقع پر ناز شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں فنکاروں نے فنون لطیفہ، فلم اور ثقافت کے فروغ کے لیے قابل قدر کام کیا ہے۔

بریڈفورڈ ویسٹ کی نمائندگی کرنے والی رکن پارلیمنٹ نے دونوں اداکاروں کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیاں برطانیہ میں آباد پاکستانی اور کشمیری نژاد افراد کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

منیب بٹ نے برطانوی پارلیمنٹ میں ملنے والی پذیرائی کو اپنی زندگی کا یادگار اور متاثر کن تجربہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے نے انہیں سیاست میں آنے کے امکان پر بھی غور کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

اداکار نے برطانیہ میں ملنے والی محبت اور عزت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں اب عالمی سطح پر اپنی الگ پہچان بنا چکی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے ملک کے تفریحی مواد کو پسند کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی ثقافت دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچ رہی ہے۔

ایمن خان نے بھی اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا اور خود کو خوش نصیب قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستان اور برطانیہ، دونوں ملکوں میں موجود مداح انہیں بہت محبت دیتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں ان کے چاہنے والے بھی اس کامیابی پر خوش ہوں گے۔

گفتگو کے دوران ایمن خان نے پاکستان، خصوصاً کراچی اور لاہور سے اپنی محبت اور وابستگی کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور کراچی کے حالات بھی پُرامن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ان کا تجربہ ہمیشہ اچھا رہا ہے اور وہ وہاں خود کو اتنا ہی محفوظ اور آزاد محسوس کرتی ہیں جتنا لندن، لاہور یا اسلام آباد میں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے بارے میں منفی تاثر درست نہیں، ملک کے ادارے اور حکومت بہتر انداز میں کام کررہے ہیں۔ ان کے خیال میں خواتین کو مزید بااختیار بنانے سے ملک میں حالات مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔

تقریب کے منتظم عطا حق نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ان پاکستانی فنکاروں کی محنت اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری کو نئی شناخت دلائی ہے۔