کراچی: خاتون ایس پی کا بیٹا آپے سے باہر ہو گیا، پولیس اہلکاروں سے بدسلو کی ویڈیو وائرل ہوگئی

رپورٹس کے مطابق ایک خاتون پولیس افسر کے بیٹے کو جب اسنیپ چیکنگ پر روکا گیا تو وہ مشتعل ہوگیا


ویب ڈیسک May 01, 2026

کراچی کے علاقے ڈیفینس فیز 7 ایکسٹینشن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق ایک خاتون پولیس افسر کے بیٹے کو جب اسنیپ چیکنگ پر روکا گیا تو وہ مشتعل ہوگیا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے بدسلوکی شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے سب انسپکٹر کا گریبان پکڑا اور گالم گلوچ بھی کی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی گاڑی پر پولیس لائٹس اور نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، جس کے جعلی ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گاڑی میں دو پرائیویٹ گارڈز بھی موجود تھے۔

یہ واقعہ ڈی ایچ اے کراچی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اسنیپ چیکنگ کے دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ساؤتھ نے فوری نوٹس لے لیا ہے اور ایس ایس پی ساؤتھ کو جامع تحقیقات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق اگر تحقیقات میں گاڑی پر جعلی پولیس نمبر پلیٹ یا لائٹس کے استعمال کی تصدیق ہوئی تو متعلقہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔