کراچی؛ مبینہ گھریلو تنازع پر بہنوئی نے کم عمر سالی کو قتل، ساس کو زخمی کردیا

کرائم سین یونٹ نے شواہد حاصل کیے ہیں جبکہ ملزم سے موقع سے فرار ہوگیا، ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز مروت


منور خان May 01, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن یار محمد گوٹھ میں مبینہ گھریلو تنازع پر بہنوئی نے تیز دھار آلے کے وار سے کم سن سالی کو قتل اور ساس کو زخمی کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے یار محمد گوٹھ میں گھر کے اندر تیز دھار آلے کے وار سے نوعمر لڑکی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں، مقتولہ کی لاش اور زخمی والدہ کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

جناح اسپتال میں مقتولہ کی شناخت 13 سالہ اقرا عبدالکریم اور ان کی والدہ کو 47 سالہ ارباب زادی کے نام سے شناخت ہوئی، زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز مروت نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گھریلو تنازع پر بہنوئی غلام محمد نے تیز دھار آلے کے وار کیے جس کے باعث کم سن سالی اقرا موقع پر جاں بحق ہوئیں جبکہ ان کی والدہ زخمی  ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔