ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے قانونی اور اتنظامی امور کیلیے کمیٹی تشکیل، نوٹیفکیشن جاری

وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جو 8 مئی کو وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی، تب تک کارروائی نہیں ہوگی


فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے 'ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو' کے قانونی و انتظامی امور کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو' کا جائزہ لینے کیلیے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑکمیٹی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اس کمیٹی میں وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری، کابینہ ڈویڑن اور کامرس ڈویژن کے سیکرٹری بھی بطور رکن شامل کیے گئے ہیں۔  کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق کابینہ ڈویڑن سیکریٹریٹ معاونت فراہم کرے گا۔

نوٹیفکیشن کمیٹی مختلف عدالتی فیصلوں کی روشنی میں 'ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو' سے متعلق قانونی اور انتظامی امور کا جائزہ لے گی جبکہ رہائشیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے ساتھ شکایات درج کرنے والوں کا مئوقف سنے گی۔

ٹی اوآرز کے مطابق کمیٹی عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مناسب راستہ تجویز کرے گی جبکہ رہائشیوں کے تحفظات کو منصفانہ اور متوازن انداز میں حل کرے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق  کمیٹی ضرورت کے مطابق کسی اور رکن کو بھی شامل کر سکے گی جبکہ کمیٹی فوری طور پر کام شروع کرے گی اور 8 مئی 2026 کو اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم کے حتمی فیصلے تک سی ڈی اے، آئی سی ٹی انتظامیہ یا اسلام آباد پولیس کوئی جابرانہ کارروائی نہیں کریں گے۔