امریکا مقاصد کے حصول تک ایران جنگ سے باہر نہیں نکلے گا، ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکا اس وقت تنازع سے نکل گیا تو مسئلہ چند سال بعد دوبارہ پیدا ہوسکتا ہے


ویب ڈیسک May 01, 2026

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری جنگ سے مقاصد کے حصول تک باہر نہیں نکلے گا۔

فلوریڈا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکا اس وقت تنازع سے نکل گیا تو مسئلہ چند سال بعد دوبارہ پیدا ہوسکتا ہے اس لیے جب تک مقاصد حاصل نہیں کر لیتے ایران جنگ سے جلدی باہر نہیں نکل سکتے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کو نہ روکا جاتا تو اسرائیل اور یورپ کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور قیادت کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت ختم ہو چکی ہے، اگرچہ اس پر افسوس ہے لیکن ان کے بقول یہ عناصر خطرناک تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایران کے معاملے پر اس وقت تک زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے جب تک کارروائی مکمل نہ ہو جائے اور یہ بھی کہ یہ اقدامات ماضی کے امریکی صدور کو پہلے ہی کر لینے چاہیے تھے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اس وقت تیل سے بھرے تقریباً 400 بحری جہاز موجود ہیں اور اگر یہ راستہ کھل جائے تو عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا جلد بازی میں تنازع ختم نہیں کرے گا تاکہ مستقبل میں دوبارہ بحران پیدا نہ ہو۔