کراچی: پولیس مقابلوں میں تین زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

میوہ شاہ قبرستان کے قریب مقابلے کے دوران منشیات فروشوں نے پولیس پر دستی بم پھینکا جو پھٹ نہ سکا


فوٹو: فائل

مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کے دوران زخمی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کے علاقے پاک کالونی جہان آباد، میوہ شاہ قبرستان کے قریب پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، متعدد گولیاں اور 2 دستی بم برآمد ہوئے۔ زخمی ملزمان کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی ملزمان کی شناخت اسامہ ولد عبدالرزاق اور معراج ولد مختار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران منشیات فروشوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملہ بھی کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے وہ پھٹ نا سکا۔

دوسری جانب ضلع سینٹرل کے علاقے بفرزون سیکٹر اے-16 میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم محمد حسین ولد محمد سدیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔