کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں ہائی کمشنر پاکستان محمد سلیم نے نامور فنکار سید صادقین احمد نقوی (۱۹۳۰-۱۹۸۷) کی لازوال فنی میراث کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نمائش کا افتتاح کردیا۔
صادقین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مقامی شراکت داروں کے تعاون سے منعقدہ اس 3 روزہ نمائش کا مقصد مصور کے گہرے فنی فلسفے، علامتی اظہار اور ثقافتی اثرات کو شائقین تک پہنچانا اور ان کے فن کو اجاگر کرنا ہے۔
اس پروقار تقریب میں آرٹ اور خطاطی کے ماہرین، میڈیا کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے افراد کے علاوہ آغا خان فاؤنڈیشن اکیڈمی ٹورنٹو اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہو رہے ہیں۔
شرکا کو صادقین کی اسلامی خطاطی، پینٹنگز، ڈرائنگز، مصوری اور اردو شاعری کے ذریعے ان کے غیر معمولی فنی اظہار کو سمجھنے کا نادر موقع ملا ہے، جس سے عالمی ثقافتی منظر نامے میں پاکستان کا کردار نمایاں ہوتا ہے۔
نمائش کے دوران تقریب کو فکری اور علمی گہرائی دینے کے لیے ممتاز پاکستانی دانشور اور شاعر اشفاق حسین شرکا کے سامنے صادقین کی کثیر جہتی فنی خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور ان کی شاعری و فن کی اہمیت کو بیان کریں گے۔