امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کی گاڑیوں اور ٹرکوں پر امریکی محصولات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے یورپ پر الزام عائد کیا کہ یورپی یونین پہلے کے تجارتی معاہدے کی تعمیل نہیں کر رہا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس حقیقت کی بنیاد پر کہ یورپی یونین تجارتی معاہدے پر مکمل رضامندی کے ساتھ تعمیل نہیں کر رہا ہے، لہٰذا اگلے ہفتے میں امریکا میں آنے والی یورپی گاڑیوں اور ٹرکوں کے لیے عائد ٹیرف میں اضافہ کروں گا۔
امریکی صدر نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ ٹیرف کو 25 فیصد تک بڑھا دیا جائے گا۔
اس اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یورپی کمیشن کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اگر امریکا مشترکہ بیان سے متصادم اقدامات کرے تو ہم یورپی یونین کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے آپشن کھلے رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ موسم گرما میں طے پانے والے اس معاہدے نے یورپی یونین کے آٹوز اور پرزہ جات پر امریکی ٹیرف کو 15 فیصد تک محدود کر دیا تھا۔