وزیراعلیٰ سندھ کا مختلف ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً ریڈ لائن بی آر ٹی کوریڈور کا دورہ

صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، جام خان شورو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے


ویب ڈیسک May 03, 2026

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے علی الصبح مختلف ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً ریڈ لائن بی آر ٹی کوریڈور کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری کاموں کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے جیل چورنگی سے معائنے کا آغاز کیا جبکہ صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، جام خان شورو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حکام کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی امور اور گزشتہ ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، مکسڈ ٹریفک لینز کی مرمت، اسفالٹ بچھانے اور نکاسی آب کے مسائل کے حل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سختی سے ہدایت دی کہ تمام افسران اپنی حدود میں کام کی رفتار تیز کریں اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی بحالی، بیریئرز کی درست ترتیب، اور پانی کے نکاس کے مستقل حل کو فوری یقینی بنایا جائے، جبکہ رات کے اوقات میں اسفالٹ کا کام تیز کیا جائے تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو دھول، ٹریفک جام اور مشکلات میں نہیں چھوڑا جا سکتا، اس لیے کام میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ خود دوبارہ اچانک دورے بھی کریں گے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے پہلوان گوٹھ روڈ منصوبے اور عظیم پورہ انٹر سیکشن فلائی اوور کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں منصوبوں کی لاگت، پیش رفت اور ٹائم لائن پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے نکاسی آب، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔