پاکستانی سفارت خانے میں سالانہ "پاسپورٹ ڈی سی" اوپن ہاؤس ایونٹ کا انعقاد 

اسٹالز پر غیر ملکی مہمانوں کی گہری دلچسپی اور غیر معمولی رش تھا


ویب ڈیسک May 03, 2026

پاکستانی سفارت خانے میں سالانہ "پاسپورٹ ڈی سی" اوپن ہاؤس ایونٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں پاکستان کی منفرد تاریخ، متنوع ثقافت اور لذیذ کھانوں کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی۔

بین الاقوامی ثقافتوں کے جشن میں واشنگٹن میں مقیم 68 ممالک کے سفارت خانوں نے اپنے دروازے عوام کے لیے کھول دیے۔ پاکستانی سفارت خانے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں متنوع مہمانوں اور سیاحوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ملک کی خوبصورتی، بے مثال فنون لطیفہ اور بھرپور ثقافتی ورثے کی دلکش نمائش کی گئی۔ تقریب میں امریکا کے 250 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی ڈیکوریشن اور پاک امریکا دوستی کی جھلکیاں نمایاں تھیں۔

 عالمی شہرت یافتہ ٹرک آرٹ، نفیس ملبوسات اور دستکاری کے شاہکار شرکاء کی توجہ کا مرکز  رہے۔ مختلف سٹالز پر خوشبوؤں، قیمتی پتھروں، زیورات اور روایتی کھانوں کے ذریعے ملکی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ 

پاکستانی کھانوں اور روایتی ذائقوں نے غیر ملکی مہمانوں کے دل جیت لیے۔ اردو خطاطی اور مہندی کے اسٹالز پر غیر ملکی مہمانوں کی گہری دلچسپی اور غیر معمولی رش تھا۔