آئین میں اجازت ہے کہ آپ اپنے حق میں مزاحمت کر سکتے ہیں، علیمہ خان

اگر سینئر لیڈرشپ یہاں پر آ جائے تو تنظیم متحرک ہو جاتی ہے


ویب ڈیسک May 05, 2026

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے صرف پارٹی کے عہدیداروں سے اپیل کی ہے، ہم پارٹی عہدیداروں کے علاوہ کس سے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں ہم نے صرف اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سینئر لیڈرشپ یہاں پر آ جائے تو تنظیم متحرک ہو جاتی ہے، دو تین ہفتے پہلے یہاں سے 41 لوگ پکڑے گئے لیکن ایم این ایز، ایم پی ایز کو چھوڑ دیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے چاہنے والوں کو یہ نہیں چھوڑتے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہماری صرف بانی کے لیے اپیل ہے اور ہمارا کچھ نہیں ہے، ہماری ایک ہی اپیل اور ڈیمانڈ ہے، اس وقت بانی کو علاج کی ضرورت ہے وہ شفاء انٹرنیشنل میں کرایا جائے، علاج فیملی کی موجودگی میں کرانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی بانی کی سیاسی جماعت ہے اس کی ذمہ داری میں آتا ہے، پریشر ڈالیں کہ وہ بانی اور بشریٰ کی اپیلوں پر سماعت کریں اور ان کو رہا کر دیں۔

بانی اور ان کی اہلیہ 7 ماہ سے قید تنہائی میں ہے، جب عدالتیں کام نہ کریں حکومت آرام سے بیٹھ جائے تو سیاست میں کیا طریقہ کار ہوتا ہے پریشر ڈالنے کا، پھر یہی ہے آپ پریشر ڈالتے ہیں مزاحمت کرتے ہیں، آئین میں اجازت ہے کہ آپ اپنے حق میں مزاحمت کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ بانی کا گرینڈ حیات اپارٹمنٹ تھا پہلے بیچ دیا، میرا بھی اپارٹمنٹ تھا میں نے قسط دی اس نے کینسل کر دیا میرے پیسے بھی کھا گیا، ان شاء اللہ پارلیمنٹیرین سینیٹرز آئیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم اپیل کر کے سب آ کر حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ بانی کا علاج ہو سکے، تاکہ ان کی ضمانتوں کی سماعت ہو سکے اور ان کی رہائی ہو سکے۔