راولپنڈی:
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی سے اہل خانہ اور ذاتی معالج کی ملاقات کے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو کل عدالت میں طلب کرلیا۔
اپنے تحریری حکم نامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ریپریذنٹیشن پر آئندہ سماعت سے قبل اسپیکنگ آرڈر جاری کریں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل 6 مئی کی سماعت میں عدالت میں پیش ہوں۔
عدالت نے اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر سماعت کا آرڈر جاری کیا۔
عدالت نے آرڈر میں کہا کہ بشریٰ بی بی سے فیملی کی فوری اور ہفتے میں ایک ملاقات کی ہدایت کی درخواست دائر کی گئی، بشریٰ بی بی سے ذاتی معالج کی ملاقات اور کپڑوں و دیگر ضروری اشیاء کی فوری فراہمی کی استدعا کی گئی، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ریپریزنٹیشن دی لیکن فیصلہ نہیں کیا گیا۔
آرڈر میں کہا گیا کہ فریقین کو معاملے پر جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں، کیس کی آئندہ سماعت 6 مئی کے لیے مقرر کی جاتی ہے۔