پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر کی قسط موصول

یہ رقم 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کرلی جائے گی، اسٹیٹ بینک


ویب ڈیسک May 13, 2026

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر کی تیسری قسط موصول ہوگئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی پروگرامز کے تحت تقریباً 1.3 ارب امریکی ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی 2026 کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت تیسرے جائزے کی تکمیل کرتے ہوئے 760 ملین ایس ڈی آر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط بھی منظور کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 12 مئی 2026 کو آئی ایم ایف کی جانب سے مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 1.3 ارب ڈالر) موصول ہوئے ہیں، یہ رقم 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کرلی جائے گی۔