ایران نے معاہدہ نہ کیا تو مکمل تباہ کردیں گے، ٹرمپ نے ایک بار پھر تہران کو دھمکی دے دی

امریکی صدر کے بیان کے بعد ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی توجہ مرکوز ہوگئی ہے


ویب ڈیسک May 15, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے امریکا کے ساتھ معاہدہ نہ کیا تو اسے ’مکمل طور پر تباہ‘ کردیا جائے گا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے ایران ان کا یہ بیان دیکھ رہا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو معلوم ہے کہ ایران نے زیرزمین بعض میزائل سسٹمز کو متحرک کیا ہے، تاہم امریکی فوج ان تمام اہداف کو صرف ایک دن میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام اور افزودہ یورینیم کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کی سرزمین سے افزودہ یورینیم واپس لینا ان کے خیال میں ضروری نہیں، سوائے اس کے کہ اسے عوامی تعلقات یا سفارتی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے۔

امریکی صدر کے اس بیان کے بعد ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران امریکا تعلقات پر عالمی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران پر دباؤ مزید بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کررہا ہے۔

دوسری جانب امریکا کے سابق صدر باراک اوباما نے بھی حالیہ دنوں میں ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں ایران کے مسئلے کو کسی جنگ یا میزائل حملے کے بغیر سفارتی انداز میں سنبھالا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی سلامتی پر بھی گہرے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔