ایران نے نیک نیتی سے مذاکرات نہ کیے تو امریکا ضروری فیصلہ کرے گا، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی نائب ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی ریڈ لائنز واضح کر دی ہیں


ویب ڈیسک May 19, 2026

وائٹ ہاؤس کی نائب ترجمان اینا کیلی نے کہا ہے کہ اگر ایران نے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات نہ کیے تو امریکی صدر ٹرمپ قومی سلامتی کے حوالے سے ضروری فیصلے کریں گے۔

اپنے بیان میں اینا کیلی نے کہا کہ صدر ٹرمپ متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت عسکری اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر پہلے سے زیادہ تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس ایران سے نمٹنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی نائب ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی ریڈ لائنز واضح کر دی ہیں، جن میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تہران نے ان شرائط کو قبول نہ کیا تو امریکا سخت اقدامات کر سکتا ہے۔

اینا کیلی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اب بھی سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، تاہم اگر ایران نے مذاکرات میں سنجیدگی نہ دکھائی تو امریکی قیادت صورتحال کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے اور خطے میں ممکنہ فوجی اقدامات سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔