مودی کا دورۂ یورپ یا ہزیمت کا سفر؟ عالمی سطح پر مودی کی سفاکیت بے نقاب

نیدرلینڈ کے وزیراعظم نے بھارت میں اقلیتوں کے حقوق، آزادیٔ صحافت اور قانون شکنی پر مودی کو آئینہ دکھا دیا


ویب ڈیسک May 19, 2026

محض سیاسی تشہیر کے لیے جاری مودی کے دورۂ یورپ نے دنیا بھر کے سامنے بھارت کا سفاک چہرہ عیاں کر دیا۔ نیدرلینڈ کے وزیراعظم نے بھارت میں اقلیتوں کے حقوق، آزادیٔ صحافت اور قانون شکنی پر مودی کو آئینہ دکھا دیا۔

نیدرلینڈ میڈیا کے مطابق، ڈچ وزیراعظم سمیت یورپی یونین کو بھارت میں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے دورِ حکومت پر سخت تشویش ہے۔ بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق، ڈچ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں آزادیٔ صحافت اور اقلیتوں کے حقوق، بالخصوص مسلمانوں پر شدید دباؤ ہے۔

ڈچ وزیراعظم کے مطابق، یورپی یونین اور بھارت کو آزاد تجارتی معاہدے کے تحت بھارت میں انسانی حقوق اور جمہوریت پر بھی بات کرنا ہوگی۔ مودی کے دورے کے دوران نیدرلینڈ کی شہری انسیہ کا اغوا کیس بھی ڈچ میڈیا میں نمایاں اہمیت کا حامل رہا۔

ناروے میں بھی مودی اور اعلیٰ بھارتی عہدیدار عالمی میڈیا کے بھارت میں انسانی حقوق سے متعلق سنگین سوالات کے جواب دینے سے کتراتے دکھائی دیے۔ عالمی ماہرین کے مطابق، بھارت کو درپیش سخت چیلنجز کے دوران محض سیاسی اور ذاتی مفاد کے لیے جاری مودی کے دورۂ یورپ میں انہیں سخت ہزیمت کا سامنا ہے۔

عالمی سطح پر بھارت میں سیاسی اور انسانی حقوق سے متعلق اٹھنے والے سنگین سوالات مودی کے سیاہ ترین دورِ اقتدار پر طمانچہ قرار دیے جا رہے ہیں۔