ہاشم خان ایک قندیل بجھ گئی

ہاشم خان تین مرتبہ یو ایس اوپن اور تین مرتبہ کینیڈین اوپن کا ٹائٹل بھی جیتنے میں کامیاب رہے ...


Editorial August 21, 2014
ہاشم خان تین مرتبہ یو ایس اوپن اور تین مرتبہ کینیڈین اوپن کا ٹائٹل بھی جیتنے میں کامیاب رہے. فوٹو: فائل

اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے ہاشم خان کے انتقال کی خبرانتہائی دکھ اور افسوس سے سنی گئی، پاکستان کی زرخیز مٹی سے جنم لینے والے ہاشم خان نے برٹش اوپن اسکواش کا ٹائٹل انتھک محنت، لگن اورجذبے کے ساتھ سات بار جیت کر پاکستان کا نام اقوام عالم میں روشن کیا ۔ پاکستان میں بھی اسکواش کے کھیل سے دلچسپی ان ہی کی وجہ سے پیدا ہوئی ، کرکٹ اور ہاکی کے بعد اسکواش ہی ایسا کھیل ہے جس کے برسہا برس پاکستانی ٹیمیں اور کھلاڑی چیمپئن رہے، ہاشم خان کی عمرسو برس کے لگ بھگ تھی۔

برٹش اوپن جیتنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز انھوں نے حاصل کیا،اپنے کیریئر میں1951ء سے 1958ء تک7 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا، 1960ء کی دہائی میں اپنی فیملی کے ساتھ امریکا منتقل ہوجانے کے بعد اسکواش کے کھیل سے ناتا نہیں توڑا،کوچنگ کے ساتھ ساتھ پروفیشنل اسکواش بھی کھیلتے رہے انتہائی صحت مند اور چاک وچوبند زندگی گزارنے والے ہاشم خان نوے برس کی عمر تک مقابلوں میں حصہ لیتے رہے، ہاشم کے چھوٹے بھائی اعظم خان بھی سابق عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں، اپنے زمانہ عروج میں اکثر وبیشتر یہ دونوں بھائی عالمی مقابلوں کے فائنلزمیں مدِمقابل ہواکرتے جسے برطانوی میڈیا نے 'اسکواش فیملی افیئر' کا نام دیا تھا۔

ہاشم خان تین مرتبہ یو ایس اوپن اور تین مرتبہ کینیڈین اوپن کا ٹائٹل بھی جیتنے میں کامیاب رہے ۔ ہاشم خان کی ہمت ،جرات اور محنت نے انھیں ایک لیجنڈ بنا دیا ۔ انھیں عالمی اسکواش کے ممتاز مبصر جیمز زوگ نے ''آل ٹائم گریٹس '' میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تقابل باکسر محمد علی اور باسکٹ بال اسٹار مائیکل جورڈن سے کیا جانا چاہیے۔ وہ برسوں دنیائے اسکواش پر حکمرانی کرتے رہے، وہ پاکستان کا فخر اور مان تھے، صدر، وزیراعظم سمیت تمام قومی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

وطن عزیز میں کھیلوں میں حصہ لینے والے نوجوان کھلاڑیوں کے سامنے ان کی مثال ایک رول ماڈل کی سی ہے ۔ جو فنڈز اور سہولتوں کے فقدان کا رونا روتے ہیں ، وہ اگر ہاشم خان کی باہمت زندگی اپنے لیے مثال بنا لیں تو وہ بھی ملک وقوم کا دنیائے کھیل میں نام روشن کرسکتے ہیں ۔