لاہور میں شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کردیا

مقتولہ طاہرہ تین بچوں کی ماں تھی، قتل کا واقعہ سندر کے علاقہ مراکہ گاؤں میں پیش آیا



لاہور:

سندر میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قتل کے واقعہ کی اطلاع پر ایس پی صدر ڈویژن عبداللہ عمران چیمہ، ایس ایچ او سندر زاہد محمود سمیت پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم شہباز نے اپنی 31 سالہ بیوی طاہرہ کو اینٹوں کے وار کرکے قتل کیا، مقتولہ طاہرہ تین بچوں کی ماں تھی، قتل کا واقعہ سندر کے علاقہ مراکہ گاؤں میں پیش آیا، ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 15 کال پر خاتون پر تشدد کی اطلاع ملتے ہی سندر پولیس فوری موقع پر پہنچی، پولیس کے پہنچنے پر خاتون شدید زخمی حالت میں خون میں لت پت پائی گئی، پولیس نے فرار کی کوشش کرنے والے  ملزم شہباز کو گرفتار کرلیا جب کہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

ڈی آئی جی کے مطابق کرائم سین کو محفوظ کر کے فرانزک ٹیم نے شواہد جمع کرلیے ہیں، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔