خیبرپختونخوا میں بڑا انتظامی فیصلہ متوقع، 12 اضلاع میں ایمرجنسی اور دیگر میں گورنر راج کا امکان

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے


ویب ڈیسک October 10, 2026

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور باقی اضلاع میں گورنر راج لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت آٹھ سابق قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی جائے گی جبکہ ان علاقوں کے انتظامی اور ترقیاتی امور چلانے کے لیے فاٹا کونسل تشکیل دینے کی تجویز ہے۔

ایمرجنسی کے لیے زیر غور اضلاع میں کرم، اپر اور لوئر جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ کونسل کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جبکہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس اور ہر ضلع سے چار مقامی نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ کونسل امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر انتظامی معاملات کی نگرانی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کونسل وفاق کے زیر انتظام کام کرے گی، جبکہ خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں گورنر راج نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق اہم پیش رفت کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں اس معاملے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

 

تاہم مجوزہ انتظامی اقدامات اور ان کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔