انتخابی مہم عروج پر، قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا گلگت بلتستان میں عوامی اجتماع سے خطاب

گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا


ویب ڈیسک June 02, 2026

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دیا جائے، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، گلگت سی پیک کا مرکز ہے، پوچھنا چاہتاہوں کہ گلگت کو نظرانداز کیوں کیا گیا، ٹوٹی سڑکیں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، ووٹ دیں یا نہیں، یہاں کے مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف سے بات کروں گا، طلبہ کو اسکالرشپس دی جائیں گی، مزید لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ یہاں 20، 0 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، یہ ہمیں منظور نہیں ہے، کسی اور کو منظور ہو تو ہو، یہ مجھے منظور نہیں ہے، میں جاکر شہباز شریف سے بات کروں گا، اگر یہاں ہماری حکومت بنی تو میں ہر دوسرے، تیسرے مہینے یہاں آتا جاتا رہوں گا اور چاہوں گا کہ جو منصوبے ہم شروع کریں، میں ان کی تکمیل ہوتے ہوئے دیکھوں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے دورہ گلگت بلتستان میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر انوشہ رحمن، کاظم پیرزادہ بھی نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔

گلگت پہنچنے پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، سابق وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر پارٹی راہنمائوں نے پارٹی صدر کا استقبال کیا

محمد نواز شریف پارٹی راہنمائوں اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں کریں گے۔