شہری سے 10 لاکھ روپے ہتھیانے والے سب انسپکٹر و دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

ملزمان میں ایس آئی یو صدر میں تعینات سب انسپیکٹر محمد اویس خان اور اے وی سی سی میں تعینات سپاہی محمد افضال ودیگر شامل


ویب ڈیسک June 03, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

سیشن جج نے شہری کے گھر سے قیمتی سامان لے جانے اور موبائل اکاؤنٹ سے دس لاکھ روپے ٹرانسفر کرنے والے ایس آئی یو صدر کے سب انسپکٹر اور دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج کراچی ساؤتھ ارشاد حسین نے ایک شہری کو اس کے گھر سے قیمتی سامان بشمول کیش، زیورات وغیرہ سمیت لے جانے اور بعد ازاں اس کے بینک اکاؤنٹ سے اس کے موبائل کے ذریعے دس لاکھ روپیہ ٹرانسفر کرانے کے کیس میں ملزم ایس آئی یو صدر میں تعینات سب انسپیکٹر محمد اویس خان اور اے وی سی سی میں تعینات سپاہی محمد افضال سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

ان ملزمان کو محکمانہ کارروائی کے بعد پہلے ہی نوکری سے برخاست کیا جاچکا ہے۔ پولیس پارٹی کے دیگر ممبران ابھی تک مفرور ہیں اور محکمہ ان کو پہلے ہی نوکری سے برخواست کرچکا ہے۔

تھانہ صدر میں ایس ایچ او ایس آئی یو کی مدعیت میں ایس آئی یو سب انسپکٹر اور دیگر ملزمان کے خلاف جنوری میں شکایت درج ہوئی تھی۔