کراچی میں سادہ لباس اہلکار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

ڈکیتوں کی جوابی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی، دو ڈکیت زخمی حالت میں فرار ہوگئے


منور خان June 04, 2026
فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میٹروول میں سادہ لباس پولیس اہلکار اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور راہگیر زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا میٹروول کے قریب مسلح ملزمان کو سادہ لباس پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی۔ سادہ لباس اہلکار کی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے جو فرار ہوگئے تاہم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ اے میر محمد لاشاری نے بتایا کہ میڑوول خٹک چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران وہاں سے گزرنے والے سادہ لباس پولیس اہلکار فاروق نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی اس دوران ڈاکوؤں کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی اور فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ پولیس اہلکار فاروق اور ایک راہگیر نیک زادہ پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

انھوں ںے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے بعدازاں ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی راہگیر کو عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار فاروق کو طبی امداد کے لیے آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

زخمی اہلکار سی آئی اے میں تعینات اور میٹروول کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی بائیو میڑک سے شناخت 30 سالہ عبدالواحد کے نام سے کی گئی جس کا کرائم ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جبکہ اُس کے قبضے سے پستول ، شہری کا موبائل فون اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

پولیس جائے وقوعہ سمیت دیگر مقامات پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو بھی تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز سے تفتیش کے لیے مزید مدد حاصل کی جا سکے ۔