لاہور؛ بسنت کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

انتظامیہ کی پتنگ بازی کے سامان کی خرید و فروخت سمیت دیگر ہدایات بھی جاری کردی ہیں


افضال طالب October 23, 2026

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور نے بسنت 2027 کے  لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور انتظامیہ کو قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 12 سے 14 مارچ 2027 تک پتنگ بازی کی اجازت دے دی گئی تاہم مخصوص ممنوع علاقوں کے علاوہ ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پتنگ بازی صرف اجازت یافتہ سامان کے استعمال سے کی جا سکے گی، پتنگوں اور ڈور کی تیاری کے لیے 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک اجازت ہوگی، پتنگ بازی کے سامان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے ہوگی۔

ڈی سی نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی فروخت 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی، جس کے لیے پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز، تاجروں اور دکان داروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ دکان دار پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے، پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گٹھی سے زیادہ نہیں ہوگی، گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون ڈور اور تیز مانجھا بنانے اور استعمال کرنے پر پابندی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ڈور کی تیاری میں صرف نوٹیفکیشن کے تحت اجازت یافتہ مواد استعمال کیا جائے۔

ڈی سی کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب سمیت حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد لازمی قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکان داروں کو اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بسنت کے دوران حفاظتی شرائط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔