24 ارب کی کرپشن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت پر ایک سوال ہے، حافظ نعیم

پچھلے 8 سال میں غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد پر پہنچ گئی، امیر جماعت اسلامی کے شفافیت پر سوالات


ویب ڈیسک October 23, 2026
فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 24 ارب کی بے ضابطگیوں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھادیے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر حافظ نعیم نے پروگرام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ہے کہ کرپشن رپورٹ نے غریبوں کے نام پر جاری نام نہاد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔  

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سالانہ 800 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کے باوجود یہ پروگرام ملک میں غربت ختم کرنے میں ناکام رہا، پچھلے 8 سال میں غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد پر پہنچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) کے خطے میں یومیہ تین ڈالر سے کم پر زندگی گزارنے والے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پچھلے سالوں میں خرچ کیے گئے یہ ہزاروں ارب روپے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل بدل سکتے تھے اگر بہتر منصوبہ بندی اور ترجیحات کے ساتھ خرچ کیے جاتے۔