سندھ رینجرزاورایس آئی یو پولیس کی جانب سے ناظم آباد گلبہارمیں بھتہ وصولی میں ملوث جمیل چھانگا گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ایک اور زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کےقبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم سکندر عرف بابر کالیا عادی جرائم پیشہ ملزم تھا اور قبل ازیں بھی سی ٹی ڈی سے مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہو کرجیل جا چکا تھا۔
ہلاک ملزم سکندر عرف بابر کالیا نے حال ہی میں ناظم آباد کے علاقے میں بھتہ نہ دینے پر ساتھیوں کے ہمراہ متاثرین کو حراساں کرنے کے لیے فائرنگ کی۔
وقوع کی سی سی ٹی وی سامنے آنے پر ہلاک ملزم اندرون سندھ روپوش ہو گیا تھا. حال ہی میں کراچی آ کر بھتہ وصولی کا نیٹ ورک فعال کر رہا تھا۔ہلاک ملزم 2018 سے اسٹریٹ کرائم کے علاوہ جمیل چھانگا کے احکامات پربھتہ نہ دینے والے بلڈرز، کاروباری افراد پر فائرنگ کرنے اور اغوا کرنے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔حال ہی میں ہلاک ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناظم آباد میں کراؤن ہائٹس اور بی ایم فاسٹ فوڈ پر فائرنگ کی جس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم اسد عرف للو 2017 سے جمیل چھانگا گروہ سے منسلک ہے اور پہلے بھی ایس آئی یو پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم اسد عرف للو، جمیل چھانگا سے رابطے میں ہے اور بھتہ وصولی کے ساتھ ساتھ فائرنگ کرنے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔گرفتار ملزم زوہیب عرف شاہ صاحب منشیات فروشی کے علاوہ جمیل چھانگا گروہ کے کارندوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے۔گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں